ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی : بی جے پی لیڈر انّا ملئی پر بھاری رقم اڈپی منتقل کرنے کا الزام - الیکشن افسر نے کہا نہیں ملا کوئی ثبوت

اڈپی : بی جے پی لیڈر انّا ملئی پر بھاری رقم اڈپی منتقل کرنے کا الزام - الیکشن افسر نے کہا نہیں ملا کوئی ثبوت

Tue, 18 Apr 2023 14:09:55    S.O. News Service

اُڈپی 18 / اپریل (ایس او نیوز) تملناڈو بی جے پی صدر انّا ملئی انتخابی مہم کے سلسلے میں جب ہیلی کاپٹر سے اڈپی پہنچے تو کانگریسی امیدوار ونئے کمار سورکے نے  الزام لگایا کہ اڈپی کے ووٹرس میں تقسیم کرنے کے لئے انّا ملئی اپنے ساتھ بڑی بھاری رقم لائے ۔ انہوں نے اس تعلق سے  ضلع ڈپٹی کمشنر اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو آگاہ کیا ۔ 

    سابق وزیر اور موجودہ کانگریسی امیدوار سورکے کا کہنا تھا کہ انّا ملئی کا ہیلی کاپٹر  اپنے طے شدہ شیڈول سے پہلے ہی اڈپی پہنچا اور ہیلی پیڈ پر لینڈ ہوا ہے ۔ مجھے خبر ملی ہے کہ  بی جے پی کی طرف سے انتخابی مہم کے لئے اس ہیلی کاپٹر میں رقم یہاں پہنچائی جا رہی ہے ۔ 

    سورکے کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے افسران نے انّا ملئی کے ہیلی کاپٹر ، ہوٹل روم وغیرہ کی پوری طرح جانچ پڑتال کی جس کے بعد الیکشن آفیسر سیتا نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔

    الیکشن آفیسر سیتا کی طرف سے جاری کیے گئے پریس ریلیز کے مطابق 17 اپریل کو صبح 9:55 بجے انّا ملئی کا ہیلی کاپٹر اڈپی میں لینڈ ہوا ۔ ایف ایس ٹی   ٹیم کے سربراہ راگھویندرا اور وجیا ، اڈپی اسمبلی حلقہ کے ایم سی سی نوڈل آفیسر نے جانچ کی کارروائی انجام دی اور وہاں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ۔ 

    اس کے بعد  انّا ملئی کاوپ حلقہ اسمبلی کے لئے نکلے تو اُدیاور چیک پوسٹ پر ان کی گاڑی اور دیگر سامان کی جانچ پڑتال کی گئی ۔  کڈیالی کے ہوٹل اوشیئن پرل ہوٹل میں ان کے روم اور بیگس کی جانچ کی گئی اور وہاں پر بھی کوئی قابل اعتراض چیز ہاتھ نہیں لگی ۔ اس طرح انتخابی قوانین کے مطابق انّا ملئی کے دورہ کے موقع پر مرحلہ وار  جانچ پڑتا ل کی گئی ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت کرنے والی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔ 
 


Share: